ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر میں اخباروں کی ترسیل پر پابندی ختم، حکومت نے واپس لیا فیصلہ

مہاراشٹر میں اخباروں کی ترسیل پر پابندی ختم، حکومت نے واپس لیا فیصلہ

Thu, 23 Apr 2020 12:40:21    S.O. News Service

ممبئی،23؍اپریل (ایس او نیوز؍یو این آئی)  حکومت مہاراشٹرا نے اخبارات اور رسائل کی ہاکرس کے ذریعے ترسیل پر عائد پابندی کو واپس لے لیا ہے۔ چیف سکریٹری اجے مہتا نے ایک نئے حکم نامہ کے ذریعے 17 اپریل سے اخبارات و رسائل کی گھر گھر ترسیل پر پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم اخبارات و رسائل کی گھر گھر ترسیل کے دوران ہاکرس کو تمام احتیاطی تدابیر، ماسک لگنا، ہاتھوں پر سینٹائززس کا استعمال اور مخصوص جسمانی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔

واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے اخبارات کی اشاعت کو جاری رکھنے کی اجازت دی ہے، تاہم مہاراشٹر میں حکومت نے کوویڈ-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے مقصد سے اخبارات و رسائل کی گھر گھر ترسیل پر پابندی لگا دی تھی جس پر پرنٹ میڈیا کی جانب سے سخت اعتراض کیا گیاتھا۔ نیز بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ نے بھی اس پر ناراضگی جتاتے ہوئے اس کے خلاف سو موٹو ایکشن لیا۔ اور عوامی مفاد کی ایک رٹ پٹیشن داخل کرکے ریاست کے محکمہ انتظامی امور کے پرنسپل سکریٹری کو 24 اپریل تک قابل واپسی نوٹس جاری کیا تھا۔

اسی طرح مہاراشٹر یونین آف ورکنگ جرنلسٹس اور ناگہور یونین آف ورکنگ جرنلٹس کی جانب سے بھی اس کے خلاف عوامی مفاد کی رٹ پٹیشن بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ میں داخل کی گئی ہیں۔ ناگپور بنچ نے بھی حکومت اور ناگپور میونسپل کمیشنر کو نوٹس جاری کیا ہے کہ وہ 23 اپریل تک جواب داخل کریں۔

دریں اثناء چیف سکریٹری اجے مہتا نے ایک نئے حکم نامہ کے ذریعے سے اس پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم یہ پابندی ممبئی میٹرو پولین ریجن ( ایم ایم آر)، پونا میونسپل کارپوریشن اوردیگر شدید متاثرہ علاقوں میں قائم رہے گی۔


Share: